حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لکھنؤ/ حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کے یومِ وفات کی مناسبت سے مسجد کالا امام باڑہ، پیر بخارہ میں بعد نمازِ مغربین مجلسِ عزا منعقد ہوئی، جس سے مسجد کے امام جماعت مولانا سید علی ہاشم عابدی نے خطاب کیا۔
انہوں نے امام زین العابدین علیہ السلام سے منقول ایک روایت بیان کرتے ہوئے حضرت عباس ابن علی علیہما السلام کی عظمت، وفاداری اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ روایت کے مطابق امام سجاد علیہ السلام نے فرمایا کہ حضرت عباس علیہ السلام نے اپنے بھائی کی نصرت میں ایسی قربانی پیش کی کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے کٹے ہوئے ہاتھوں کے بدلے انہیں دو پر عطا کئے، جن کے ذریعے وہ جنت میں فرشتوں کے ساتھ پرواز کرتے ہیں۔ قیامت کے دن تمام شہدا ان کے مقام و مرتبے پر رشک کریں گے۔

مولانا سید علی ہاشم عابدی نے کہا کہ حضرت عباس علیہ السلام کی سیرت میں حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی تربیت کے نمایاں اثرات دکھائی دیتے ہیں۔ ان کی آغوش نے ایسا فرزند پروان چڑھایا جو امام کی معرفت، اطاعت، وفاداری اور ایثار میں بے مثال تھا۔ حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کے چاروں فرزندوں نے امام حسین علیہ السلام کی نصرت میں اپنی جانیں قربان کردیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امام حسین علیہ السلام حجتِ خدا اور وارثِ انبیا ہیں؛ آپ کی نصرت میں حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کے فرزندوں کی قربانی ان کے عظمت، معرفت اور وفاداری کی روشن دلیل ہے۔
مولانا سید علی ہاشم عابدی نے حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کے مقام و منزلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام حسن و امام حسین علیہما السلام، حضرت زینب سلام اللہ علیہا اور امام زین العابدین علیہ السلام کا ان کا احترام کرنا ان کی عظمت و فضیلت کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس ہستی کا احترام حججِ الٰہی اور اولادِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کرتی ہو، ان کے وسیلے سے دعا کرنا بھی باعثِ فضیلت ہے، یقینا اللہ تعالیٰ دعا قبول کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اپنے چاروں فرزندوں کی شہادت کے بعد حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا نے اپنی زندگی یادِ امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کے ذکر و مصائب میں گزاری۔ ان کا مسلسل گریہ و عزاداری کربلا کی یاد اور پیغام کو زندہ رکھنے کا ایک اہم ذریعہ بنا۔
مجلس کے اختتام پر حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کے دسترخوان کا اہتمام کیا گیا، مجلس عزا میں کثیر تعداد میں مؤمنین نے شرکت کی۔










آپ کا تبصرہ